کراچی: عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری سیشن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی اور بینچ مارک انڈیکس 1400 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔
کاروبار کے دوران دوپہر 12 بجے کے قریب کے ایس ای 100 انڈیکس 173,150 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں 1,424 پوائنٹس سے زائد اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹوموبائل، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ اور پاور جنریشن کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھنے میں آئی۔ حب پاور کمپنی، ماری انرجیز، پاکستان آئل فیلڈز، حبیب بینک اور نیشنل بینک سمیت کئی بڑے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے اور انڈیکس کی تیزی میں اہم کردار ادا کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بین الاقوامی سطح پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں سے متعلق مثبت توقعات ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور مقامی مارکیٹ میں خریداری کے بڑھتے رجحان نے بھی مارکیٹ کو سہارا دیا۔
یاد رہے کہ عید تعطیلات سے قبل آخری کاروباری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی، جب کے ایس ای 100 انڈیکس تقریباً 3,900 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی مثبت رجحان برقرار ہے۔ بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق عالمی اسٹاک مارکیٹس نئی بلند ترین سطحوں کو چھو رہی ہیں، جبکہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ ہفتوں کی نسبت نمایاں کمی کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنا رہی ہے۔



