کراچی دن دہاڑے ڈکیتی، 8 مسلح ملزمان سوا کروڑ روپے کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار

Red Minimalist Breaking News Announcement Youtube Thumbnail 9

کراچی: عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم رہے، جہاں عزیز آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 9 میں مسلح ڈاکوؤں نے دن دہاڑے ایک گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور ایک کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

متاثرہ شہری مرزا محمد بیگ کے مطابق واردات جمعرات کی دوپہر اس وقت پیش آئی جب گھر میں قربانی کے جانور کا گوشت تیار کیا جا رہا تھا۔ اسی دوران موٹر سائیکلوں پر سوار متعدد مسلح افراد موقع پر پہنچے، جن میں سے بعض نے آن لائن بائیک رائیڈرز جیسا ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔

ان کے مطابق ملزمان نے پہلے قصائی کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور پھر مالک مکان کے ذریعے گراؤنڈ فلور پر واقع گھر کا دروازہ کھلوایا۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو قابو میں لے لیا اور براہِ راست اس الماری تک پہنچ گئے جہاں زیورات اور نقدی رکھی ہوئی تھی۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے دورانِ واردات تمام اہل خانہ کے موبائل فون جمع تو کر لیے، تاہم جاتے وقت انہیں ساتھ نہیں لے گئے۔ ملزمان صرف اسی الماری کی تلاشی لیتے رہے جس میں قیمتی سامان موجود تھا، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں پہلے سے اندرونی معلومات یا مخبری حاصل تھی۔

اہل خانہ کے مطابق لوٹے گئے طلائی زیورات خاندان کی ایک خاتون نے محفوظ رکھوائے تھے جو اس وقت حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔

علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں بھی شہری محفوظ نہیں اور جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر سرگرم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top