کراچی: کراچی پورٹ کی حدود میں دو بحری جہازوں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک جہاز کو نقصان پہنچا جبکہ دوسرے جہاز سے ایک کنٹینر سمندر میں جا گرا۔
پورٹ حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی بندرگاہ سے روانہ ہونے والا کنٹینر بردار بحری جہاز ایم وی پاپو زیرِ سمندر کیبلز کی دیکھ بھال کے فرائض انجام دینے والے جہاز ایم وی این آئی ڈبلیو اے سے ٹکرا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تصادم کے باعث ایم وی این آئی ڈبلیو اے کے اگلے حصے (بو) کو نقصان پہنچا، جبکہ ایم وی پاپو سے ایک کنٹینر سمندر میں گر گیا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واقعے کے فوراً بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کے پائلٹس نے ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ جہاز کو بحفاظت برتھ نمبر 5 پر منتقل کر دیا، جہاں اس کے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کنٹینر بردار جہاز ایم وی پاپو کو آؤٹر اینکریج پر روک دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
بحری امور کے ماہرین کے مطابق بندرگاہی حدود میں پیش آنے والے ایسے واقعات نہ صرف بحری آپریشنز کو متاثر کرتے ہیں بلکہ سامان کی ترسیل اور بندرگاہی سرگرمیوں پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں، اس لیے حادثے کی مکمل تحقیقات انتہائی اہم ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


