کانسٹیبل اصغر کی وائرل ویڈیو پر انکوائری کا حکم

Global Voice News 8 1

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے کانسٹیبل اصغر کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کا حکم دے دیا۔

کراچی: سوشل میڈیا پر کانسٹیبل اصغر، متعینہ تھانہ حیدری مارکیٹ، کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے فوری طور پر انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل کی ہدایت پر معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ذمہ داری ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد کو سونپی گئی ہے، جو تمام حقائق، شواہد اور الزامات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق کانسٹیبل اصغر نے 25 مئی 2026 کو بیماری کی بنیاد پر روزنامچہ میں انٹری درج کروائی تھی، جس کے بعد وہ روانہ ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اس معاملے سے متعلق اس سے قبل کوئی تحریری درخواست یا شکایت متعلقہ افسران کو موصول نہیں ہوئی تھی۔

ریکارڈ کے مطابق کانسٹیبل اصغر 12 مئی سے 14 مئی 2026 تک گاؤں جانے کے لیے ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد سے باقاعدہ چھٹی بھی حاصل کر چکا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق 2 جون 2026 کو واپسی پر انتظامی ضرورت کے تحت کانسٹیبل اصغر کو عارضی ڈیوٹی کے لیے ڈسٹرکٹ سینٹرل کی کوئیک رسپانس فورس (QRF) میں تعینات کیا گیا، تاہم اس نے مذکورہ ڈیوٹی پر جانے سے انکار کرتے ہوئے ایک ویڈیو ریکارڈ کی جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق ادارہ ہر قسم کی شکایات اور الزامات کی شفاف تحقیقات پر یقین رکھتا ہے۔ جاری انکوائری میں سامنے آنے والے حقائق اور شواہد کی روشنی میں قانون اور محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top