میرپورخاص(گلوبل وائس نیوز)میرپورخاص میں اربوں روپے مالیت کی زمینوں کی مبینہ جعلی رجسٹریوں اور کھاتہ تبدیلی اسکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے درج مقدمہ نمبر 04/2026 کی تفتیش کے دوران سب رجسٹرار آفس میرپورخاص کے جونیئر کلرک ولی محمد لاشاری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق گرفتار ملزم پر بڑے پیمانے پر جعلی رجسٹریاں تیار کرنے، قیمتی زمینوں پر غیر قانونی قبضے کروانے اور متعلقہ ریونیو افسران کی ملی بھگت سے زمینوں کی دوبارہ فروخت جیسے سنگین الزامات ہیں۔
تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر ایک ہی پلاٹ کی دو دو رجسٹریاں تیار کر کے مختلف افراد کو فروخت کرتا رہا، جس کے باعث شہریوں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں جبکہ ریونیو اور سب رجسٹرار آفس سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی بھی جانچ جاری ہے۔



