کوئٹہ: بلوچستان میں ریلوے آپریشنز متاثر ہونے کے باعث محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے ٹرین سروس آج بھی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج روانہ نہیں ہوگی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد سے واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ دو روز سے ٹرین سروس معطل ہے اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر ریلوے آپریشنز بحال کرنے کے حوالے سے مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ٹرین سروس ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر عارضی طور پر معطل کی گئی ہے تاکہ مسافروں کی حفاظت اور آپریشنل معاملات کو یقینی بنایا جا سکے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی جانے والی بولان میل اور چمن پسنجر سروس بھی پہلے سے معطل ہے، جس کے باعث مختلف شہروں کے درمیان ریل رابطہ شدید متاثر ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ٹرین سروس کی بحالی سے متعلق فیصلہ صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا، جبکہ مسافروں سے کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل ریلوے ہیلپ لائن یا متعلقہ اسٹیشن سے تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔
دوسری جانب ٹرینوں کی معطلی کے باعث سینکڑوں مسافر متبادل سفری ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


