راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے عالمی یومِ امن دستہ 2026 کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی “بلیو ہیلمٹس” کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی امن کے لیے پاکستان کی قربانیوں اور کردار کو اجاگر کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق 1960 سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد پاکستانی فوجی اور اہلکار اقوامِ متحدہ کے مختلف امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے عالمی امن اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس وقت بھی پاکستانی امن دستے کانگو، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی جمہوریہ سمیت مختلف ممالک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستانی اہلکار نہ صرف سکیورٹی اور امن بحالی کی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہیں بلکہ انسانی امداد، طبی سہولیات اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے بھی خدمات انجام دیتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جدید دور میں امن مشنز کو روایتی خطرات کے ساتھ ساتھ سائبر سکیورٹی، موسمیاتی تبدیلیوں اور پیچیدہ انسانی بحرانوں جیسے نئے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ اسی تناظر میں اقوامِ متحدہ نے رواں سال “Invest in Peace 2026” کا پیغام دیا ہے، جس میں عالمی امن کے لیے اجتماعی کوششوں اور سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور انسانی خدمت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے امن کے قیام اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔
آئی ایس پی آر نے شہداء امن مشنز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔



