اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی کم ہو کر 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا تھا اور حکومت پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت میں 1.46 ڈالر فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 92.25 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت میں بھی 73 سینٹ فی بیرل کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 88.17 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کم ہونے اور مہنگائی پر دباؤ میں کچھ حد تک کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے، جس کا فائدہ عام صارفین تک پہنچ سکتا ہے۔


