کراچی: سوشل میڈیا پر بعض متنازع شخصیات کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ان سے منسوب تصاویر و علامتوں کے عوامی استعمال نے معاشرتی رویوں اور ترجیحات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اور تصاویر زیرِ گردش ہیں جن میں ایک خاتون کو موٹرسائیکل پر ایک متنازع شخصیت منشیات فروش انمول عرف پنکی کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس منظر کے بعد مختلف حلقوں میں اس حوالے سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
سماجی مبصرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں رول ماڈلز کا انتخاب نوجوان نسل کی سوچ اور سماجی رویوں پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ ان کے مطابق مثبت کرداروں، تعلیمی کامیابیوں، سائنسی خدمات اور سماجی خدمت انجام دینے والی شخصیات کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔
ماہرینِ سماجیات کے مطابق سوشل میڈیا کے دور میں شہرت اور مقبولیت کے معیار تبدیل ہو رہے ہیں، جہاں بعض اوقات متنازع یا غیر روایتی شخصیات بھی غیر معمولی توجہ حاصل کر لیتی ہیں۔ ایسے رجحانات معاشرتی اقدار اور اخلاقی ترجیحات کے بارے میں سوالات کو جنم دیتے ہیں۔
دوسری جانب بعض صارفین کا مؤقف ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے رجحانات کو مکمل معاشرتی سوچ کی نمائندگی قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم اس قسم کے واقعات معاشرے میں جاری فکری اور ثقافتی تبدیلیوں کی نشاندہی ضرور کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کی مثبت رہنمائی، معیاری تعلیم اور تعمیری کرداروں کو فروغ دینا ہی ایسے رجحانات کا مؤثر جواب ہو سکتا ہے تاکہ معاشرے میں مثبت اقدار اور ذمہ دارانہ طرزِ فکر کو مضبوط بنایا جا سکے۔


