لاہور میں شہری کا منفرد احتجاج، رکشے پر “سب زندہ باد، میں مردہ باد” کا فلیکس آویزاں
لاہور: فیروز پور روڈ پر ایک شہری کی جانب سے منفرد انداز میں احتجاج کی تصویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
تصویر میں ایک لوڈر رکشے پر سبز رنگ کا فلیکس آویزاں دکھائی دیتا ہے، جس پر مختلف سیاسی و حکومتی شخصیات اور اداروں کے لیے “زندہ باد” جبکہ آخر میں “میں مردہ باد” درج ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق یہ فلیکس عام آدمی کی معاشی مشکلات، بے بسی اور موجودہ حالات پر ایک علامتی احتجاج ہے۔ کئی صارفین نے اسے غریب اور محنت کش طبقے کی خاموش آواز قرار دیا۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مزدور، رکشہ ڈرائیور، دیہاڑی دار اور کم آمدنی والے افراد بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ اس طرح کے منفرد احتجاج عوامی جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔


