ہل پارک کے اطراف مبینہ غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس : میئر کراچی کا نوٹس

Global Voice News 1

ہل پارک کے اطراف مبینہ غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس، میئر کراچی کی ہدایت پر کارروائی شروع

کراچی: ہل پارک کے اطراف مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور قبضے کے معاملے پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد میئر کراچی کی ہدایت پر ایک ہفتہ قبل ہی متعلقہ تعمیراتی کام رکوا دیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق محکمہ لینڈ نے تعمیراتی سرگرمیاں روکنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

جانچ پڑتال کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے نہ تو متعلقہ جگہ کی کوئی الاٹمنٹ کی گئی اور نہ ہی کسی قسم کی تعمیراتی اجازت جاری کی گئی تھی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق غیر قانونی قبضے اور تجاوزات سے متعلق شکایات کے بعد محکمہ انسدادِ تجاوزات، محکمہ پارکس، محکمہ قانون اور محکمہ لینڈ کے افسران کو کارروائی کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

محکمہ لینڈ نے زمین کی ملکیت کی تصدیق کے لیے پی ای سی ایچ ایس سے باضابطہ ویریفکیشن بھی طلب کر لی ہے۔

یاد رہے کہ ہل پارک کے اطراف مبینہ پہاڑی کٹائی، باؤنڈری وال اور متنازع تعمیرات کے معاملے پر شہری حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ شہریوں کا مطالبہ تھا کہ ہل پارک اور اس سے ملحق عوامی زمینوں کے تحفظ کے لیے فوری اور شفاف کارروائی کی جائے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی پر مبینہ غیر قانونی قبضے کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top