جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے سکیورٹی وجوہات پر 8 مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت دے دی
سٹی کورٹ: منشیات کیسز میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی اجازت
کراچی: سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے منشیات کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت دے دی۔
عدالت نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر 8 مقدمات میں ملزمہ کی فزیکل پیشی کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی اجازت دی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق چالان پیش ہونے تک ملزمہ کی فزیکل کسٹڈی کی ضرورت نہیں، تاہم عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ جب بھی عدالت ملزمہ کو طلب کرے، اسے پیش کیا جائے۔
عدالت کی جانب سے ملزمہ انمول عرف پنکی کو تھانہ گارڈن کے ایک، تھانہ گزری کے 6 اور تھانہ بغدادی کے ایک مقدمے میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
پولیس نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ ملزمہ کو عدالت میں فزیکل طور پر پیش کرنے سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انمول عرف پنکی ایک ہائی پروفائل ملزمہ ہے، اس لیے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی اجازت دے دی،
تاہم واضح کیا کہ ضرورت پڑنے پر ملزمہ کو عدالت میں پیش کرنا لازمی ہوگا۔واضح رہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں منشیات سے متعلق مقدمات درج ہیں، جن میں قانونی کارروائی جاری ہے۔

