خانہ کعبہ کے عین اوپر سورج کا نایاب منظر، دنیا بھر میں قبلہ درست کرنے کا منفرد موقع

Kaba Sun

مکہ مکرمہ: خانہ کعبہ کے اوپر سورج کے تقریباً عمودی طور پر آنے کا ایک نایاب فلکیاتی منظر جمعرات کو دیکھنے میں آیا، جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو قبلے کی درست سمت جانچنے کا قدرتی موقع فراہم کیا۔

رپورٹس کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر سورج تقریباً مکمل طور پر خانہ کعبہ کے عین اوپر آ گیا۔ یہ منفرد منظر اذانِ ظہر کے وقت پیش آیا، جب مکہ مکرمہ میں سورج کی سمت قبلے کے تعین کے لیے ایک قدرتی رہنما بن گئی۔

جدہ آسٹرونومی سوسائٹی کے ڈائریکٹر ماجد ابو زہرہ کے مطابق اس موقع پر سورج کی بلندی 89.94 ڈگری ریکارڈ کی گئی، جو مکمل عمودی زاویے سے محض 0.06 ڈگری کم تھی۔ اس لمحے خانہ کعبہ اور دیگر عمودی اشیا کا سایہ تقریباً ختم ہو گیا، جو اس فلکیاتی مظہر کی نمایاں خصوصیت ہے۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ منظر سال میں دو مرتبہ دیکھنے کو ملتا ہے، جب سورج اپنی ظاہری حرکت کے دوران مکہ مکرمہ کے عرض البلد کے عین اوپر پہنچ جاتا ہے۔ صدیوں سے مسلم ماہرین فلکیات اس قدرتی طریقے کو دنیا بھر میں مساجد اور عبادت گاہوں کا درست قبلہ متعین کرنے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

رواں سال اس مظہر کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ یہ عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز رونما ہوا، جو قمری اور شمسی تقاویم کے فرق کے باعث تقریباً ہر 33 سال بعد ممکن ہوتا ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ سورج کے خانہ کعبہ کے اوپر آنے کے اس فلکیاتی واقعے کا غیر معمولی گرمی یا ہیٹ ویو سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں، بلکہ یہ زمین اور سورج کی مخصوص فلکیاتی پوزیشن کا نتیجہ ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top