لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن و سلامتی قومی ریڈ لائن ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر واہگہ بارڈر پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہدا اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں رینجرز کے چاق و چوبند دستوں نے پریڈ کی جبکہ خواتین اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے اور شہدا کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو بھی سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا جبکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی اور عالمی سطح پر ملک کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق تاریخ میں یہ بات یاد رکھی جائے گی کہ پاکستان نے خطے میں بڑے تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔



