اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے حوالے سے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی۔
شہباز شریف نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے ملک کی جنگ ہے اور صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں جبکہ خیبرپختونخوا پولیس بہادری کے ساتھ ان عناصر کا مقابلہ کر رہی ہے۔



