آئی پی ایل میں اسمارٹ سن گلاسز پر پابندی، بی سی سی آئی کا سخت فیصلہ

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اسمارٹ سن گلاسز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے اور اس حوالے سے تمام فرنچائزز کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے لیگ میں شامل تمام ٹیموں، میچ آفیشلز اور متعلقہ افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ میچز اور ٹیم سرگرمیوں کے دوران اسمارٹ سن گلاسز استعمال نہ کریں۔

رپورٹس کے مطابق اسمارٹ سن گلاسز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوتے ہیں جن میں کمیونیکیشن، لائیو اسٹریمنگ، ویڈیو کالنگ اور میسجنگ جیسی سہولیات موجود ہوتی ہیں، جس کے باعث اینٹی کرپشن حکام کو خدشہ ہے کہ ان آلات کا غلط استعمال کھیل کی شفافیت پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت تمام فرنچائزز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اپنے کھلاڑیوں و سپورٹ اسٹاف کو آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ کی جانب سے تمام 10 آئی پی ایل فرنچائزز کو سات صفحات پر مشتمل تفصیلی ایڈوائزری ارسال کی گئی ہے، جس میں اینٹی کرپشن سے متعلق متعدد ہدایات شامل ہیں۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر دنیا بھر کے کرکٹ بورڈز کھیل کی شفافیت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے نئے قواعد و ضوابط متعارف کرا رہے ہیں، اور بی سی سی آئی کا حالیہ اقدام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top