، آج اپنا ایک ہزارواں ون ڈے میچ کھیلے گا پاکستان ون ڈے کرکٹ میں آج نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب
راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم آج ون ڈے کرکٹ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرنے جا رہی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
میچ شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا، جس میں پاکستان ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ آسٹریلوی ٹیم جوش انگلس کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
آج کا میچ پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ قومی ٹیم ون ڈے کرکٹ میں اپنا ایک ہزارواں میچ کھیلے گی۔ اس اعزاز کے ساتھ پاکستان ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن جائے گی۔ اس سے قبل آسٹریلیا اور بھارت یہ سنگِ میل عبور کر چکے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 111 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔ ان مقابلوں میں آسٹریلیا نے 71 جبکہ پاکستان نے 36 میچز میں کامیابی حاصل کی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اس سے قبل 1994 میں بھی پاکستان اور آسٹریلیا کے ون ڈے میچ کی میزبانی کر چکا ہے۔ قومی ٹیم راولپنڈی میں اپنے گزشتہ پانچ ون ڈے میچز میں ناقابلِ شکست رہی ہے، جس سے شائقین کرکٹ کو آج کے مقابلے میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

