لاہور: پنجاب حکومت نے عوامی شکایات کے ازالے اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے شروع کیے گئے “مریم کو بتائیں” پروگرام کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت نئے اہلیت کے معیار پر مزید شہریوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے پروگرام کے لیے نئے اہلیت کے معیار، مالی فنڈز اور بجٹ مختص کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سرکاری خدمات اور شکایات کے مؤثر ازالے کے نظام سے جوڑنا ہے۔
پنجاب حکومت نے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ کی سفارش پر “مریم کو بتائیں” ایپ کی خدمات کو مزید وسعت دینے کی بھی منظوری دی ہے تاکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے دائرہ کار کو بڑھایا جا سکے۔
حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پروگرام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے گا، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ عوامی شکایات کے فوری حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔
حکام کے مطابق “مریم کو بتائیں” ایپ کے ذریعے شہری مختلف سرکاری خدمات اور شکایات کے اندراج کی سہولت حاصل کر رہے ہیں، جبکہ متعدد مسائل کے حل کے لیے گھر بیٹھے درخواست جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور شہریوں کو زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔



