نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کا ایران-امریکا جنگ ختم کرنے کا مطالبہ

zahran mamdani

نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ظہران ممدانی نے کہا کہ چند ماہ قبل شروع ہونے والے اس تنازع کے حق میں عوام نے کبھی ووٹ نہیں دیا تھا، تاہم اس کے معاشی اور سماجی اثرات عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کی باقاعدہ منظوری کے بغیر شروع کی جانے والی جنگ کے نتیجے میں عوامی بجٹ متاثر ہوئے ہیں، جبکہ توانائی اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

میئر نیویارک کے مطابق جنگی صورتحال نے نہ صرف معیشت پر دباؤ بڑھایا بلکہ عام امریکی شہریوں کی زندگیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل فوجی کارروائیوں کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

ظہران ممدانی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ وہ ابتدا سے ہی اس جنگ کے مخالف رہے ہیں اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ تنازع کو مزید طول دینے کے بجائے فوری طور پر اس کے خاتمے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق امریکا میں بعض سیاسی شخصیات اور عوامی نمائندے بھی مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی حل کی حمایت کر رہے ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top