کویت میں امریکی افواج پر ایرانی میزائل حملے کی کوشش ناکام، سینٹکام کا دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
واشنگٹن/کویت: امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ، سینٹکام، نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں تعینات امریکی افواج کو نشانہ بنانے کے لیے ایران کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹکام نے اپنے بیان میں کہا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایران کی جانب سے کویت میں موجود امریکی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم امریکی دفاعی نظام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں میزائلوں کو فضا میں ہی ناکام بنا دیا۔
امریکی حکام کے مطابق اس حملے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع ملی ہے۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ امریکی افواج خطے میں مکمل طور پر چوکس ہیں اور اپنے اہلکاروں کے تحفظ کے لیے ضروری دفاعی اقدامات جاری رکھیں گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا جنگ بندی کی حمایت کرتا ہے، تاہم ایرانی جارحیت کے خلاف اپنی افواج کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں، لیکن دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران کو ان علاقائی اڈوں اور عسکری تنصیبات کے خلاف جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے جو ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
دوسری جانب امریکا کا مؤقف ہے کہ اس نے حالیہ دنوں میں ایران کے بعض فوجی اہداف کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔



