پاسدارانِ انقلاب نے امریکی حملے کے جواب میں میزائل کارروائی کی ویڈیو جاری کر دی
تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی حملے کے جواب میں کی گئی میزائل کارروائی کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی میں خطے میں موجود اس فوجی مقام کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے ہرمزگان کے علاقے سیرک میں واقع ایک مواصلاتی ٹاور پر حملہ کیا گیا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جوابی کارروائی میں طے شدہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ جاری کی گئی ویڈیو میں مبینہ طور پر میزائل داغے جانے اور اہداف کو نشانہ بنائے جانے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی حملے کے جواب میں کی گئی، جبکہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے باعث صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ مختلف ممالک فریقین پر کشیدگی کم کرنے اور سفارتی راستہ اختیار کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور آزاد ذرائع سے تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔



