شاہ لطیف ٹاؤن: شاہ زیب عباسی قتل کیس کے دونوں ملزمان گرفتار

51981c6e fb36 4409 a613 91b3d07dd2da

شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کی کارروائی پر اہلِ علاقہ، عباسی برادری اور شاہ لطیف ٹاؤن کے مکینوں کا ایس ایس پی ملیر اور پولیس ٹیم کو خراجِ تحسین

شاہ لطیف ٹاؤن: ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے شاہ زیب عباسی کیس کے دونوں ملزمان گرفتار

کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے 22 سالہ نوجوان شاہ زیب عباسی ولد غلام شبیر عباسی کے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کو شاہ لطیف پولیس نے گرفتار کر لیا۔

شاہ زیب عباسی کو 20 مئی کو شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ اور تشویش پائی جا رہی تھی۔

پولیس کی کارروائی کے بعد شاہ لطیف ٹاؤن کے مکینوں، عباسی برادری اور اہلِ علاقہ نے ایس ایس پی ملیر، ملیر پولیس اور شاہ لطیف پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں واقعے میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت میں آئے، جو قابلِ ستائش اقدام ہے۔

عباسی برادری اور علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مکمل کارروائی کی جائے گی اور عدالت سے انصاف فراہم ہوگا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شاہ زیب عباسی ایک نوجوان اور معصوم شہری تھا، جس کی جان ڈکیتی مزاحمت کے دوران لی گئی۔ ایسے واقعات معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں، اس لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔

اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کیس کی تفتیش مضبوط بنیادوں پر مکمل کی جائے، شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ کوئی مجرم معصوم شہریوں کی جان سے کھیلنے کی جرأت نہ کر سکے۔

اس موقع پر اہلِ علاقہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید شاہ زیب عباسی کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

شاہ لطیف ٹاؤن کی عوام، عباسی برادری اور اہلِ علاقہ نے پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف کی مکمل فراہمی کے منتظر ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top