ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع اللہ شیخ اور ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کی زیر صدارت اجلاس،محرم الحرام میں اہلِ تشیع نمائندوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایات
محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے ضلع ملیر میں اہم مشترکہ اجلاس
کراچی: محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ضلع ملیر میں ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع اللہ شیخ اور ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے کی۔
اجلاس میں پاکستان رینجرز، ضلع ملیر کی تمام ٹی ایم سیز کے میونسپل کمشنرز، شہری اداروں، صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اہلِ تشیع کمیونٹی کے نمائندوں نے محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، روشنی، سڑکوں کی مرمت، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور سے متعلق اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع اللہ شیخ اور ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور عوامی مفاد میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔
اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، واٹر سپلائی، اسٹریٹ لائٹس، طبی امداد، ایمبولینس سروس، جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر ضروری سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور عزاداروں کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باہمی رابطے کو مؤثر بنائیں، شکایات کے فوری ازالے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کریں اور محرم الحرام سے قبل تمام انتظامات مکمل کریں۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع ملیر میں امن، سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

