عید آپریشن میں 90 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے، کراچی میں صفائی مہم تیزی سے جاری

Red Minimalist Breaking News Announcement Youtube Thumbnail 4

کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی صفائی اور آلائشیں اٹھانے کا خصوصی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رکھا ہوا ہے، جبکہ شہر بھر سے 90 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور دیگر کچرا لینڈ فل سائٹس منتقل کیا جا چکا ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ عید آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

میئر کراچی کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں آلائشیں اٹھانے کا کام دن رات جاری ہے اور موجودہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں اور آلائشوں کو فوری طور پر مقررہ مقامات تک منتقل کیا جا رہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے قائم ہیلپ لائن 1128 پر موصول ہونے والی تقریباً 90 فیصد شکایات حل کر دی گئی ہیں، جبکہ باقی ماندہ شکایات پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آلائشیں اٹھانے کے بعد سڑکوں اور گلیوں میں چونے کا چھڑکاؤ اور عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جا رہا ہے تاکہ ماحول کو خوشگوار اور صحت بخش بنایا جا سکے۔

میئر کراچی نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کی شمولیت اور ذمہ داری بھی انتہائی اہم ہے، جبکہ متعلقہ ادارے عید آپریشن کی تکمیل تک اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top