سندھ میں شدید گرمی کی لہر برقرار، کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

Red Minimalist Breaking News Announcement Youtube Thumbnail 5

سندھ میں شدید گرمی کی لہر برقرار، کراچی میں اگلے تین روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کل تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ کراچی ڈویژن میں آئندہ تین روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موئن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں پارہ 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی سسٹم کے باعث نمی موجود ہے، جس کے زیر اثر یکم جون کو قمبر شہداد کوٹ، دادو، میرپورخاص اور تھرپارکر میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور ہلکی سے معتدل بارش کا امکان بھی ہے۔

کراچی ڈویژن کے لیے جاری تین روزہ پیشگوئی کے مطابق ہفتہ، اتوار اور پیر کو موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں نمی 70 سے 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 60 سے 70 فیصد تک رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خاص احتیاط کی ہدایت دی گئی ہے۔

کاشتکاروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی دیکھ بھال کریں اور مویشیوں کا خاص خیال رکھیں۔ متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top