BBSHRRDB صنعتی شعبے کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرامز، جاب پلیسمنٹ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر اتفاق
BBSHRRDB اور سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا اہم اجلاس، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر تبادلہ خیال
کراچی: سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دفتر میں سائٹ ایسوسی ایشن کے اراکین اور بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ (BBSHRRDB) کے وفد کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صنعتی شعبے کی ضروریات، فنی تربیت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (EFP) کے صدر اور بینظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام (BBSYDP) کے بانی رکن جناب ماجد عزیز، سائٹ ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر جناب احمد ذوالفقار، سابق صدر جناب کامران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے BBSHRRDB کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔





اس موقع پر بورڈ کے معزز سیکریٹری نے ادارے کے مینڈیٹ، جاری منصوبوں، انسانی وسائل کی ترقی، فنی تربیت، ہنر مندی کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کے حوالے سے حاصل کی گئی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بورڈ کے ریجنل کنسلٹنٹس انجینئر تیمور علی، محمد سلیمان دشتی اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران اس بات پر خصوصی گفتگو کی گئی کہ صنعتی شعبے کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرامز کو مزید مؤثر اور عملی بنایا جائے، تاکہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوان براہِ راست صنعتوں کی ضرورت کے مطابق روزگار حاصل کر سکیں۔











شرکاء نے مختلف صنعتوں میں درکار مہارتوں کی نشاندہی، تربیت یافتہ افراد کے لیے روزگار کے مواقع، صنعت اور تربیتی اداروں کے درمیان روابط، اور ہنر مند گریجویٹس کی مؤثر جاب پلیسمنٹ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تربیتی پروگرامز کو صرف سرٹیفکیٹ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں عملی روزگار، صنعتی ضرورت اور معاشی ترقی سے منسلک کیا جائے تاکہ نوجوان تربیت کے بعد بہتر مستقبل حاصل کر سکیں۔
دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مہارتوں کی ترقی اور روزگار کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری اور BBSHRRDB کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ماہر افرادی قوت تیار کی جا سکے، نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع ملیں اور صنعتی ترقی کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

